شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکنِ سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اداکارہ و میزبان نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان کیا ہے۔
کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ ایک تقریب کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں نادیہ کو انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ سے متعلق سوال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نادیہ نے سوال کیا کہ ‘انیسہ جی میں آپ سے پوچھنا چاہ رہی تھی کہ آپ کا میک اپ کون کرتا ہے، اتنا حسین’ جس پر شرمیلا کی والدہ نے جواب دیا کہ میں خود کرتی ہوں۔
نادیہ خان نے ایک اور سوال کیا کہ ‘آپ نے اتنا اچھا میک اپ کرنا کس سے سیکھا؟’ جس پر انیسہ فاروقی نے شرمیلا کا نام لیا، نادیہ خان نے کہا کہ ‘ہاں وہ بھی تو اتنا اچھا میک اپ کرتی ہیں’۔
اداکارہ کی جانب سے انیسہ فاروقی کے کپڑوں اور زیور کی بھی تعریف کی گئی جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن سے ان چیزوں کا شوق ہے۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کو نادیہ خان کا انیسہ فاروقی سے سوال پوچھنے کا انداز بالکل پسند نہ آیا جس پر انہوں نے تبصرے بھی کیے اور کہا کہ نادیہ کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا۔
وائرل ویڈیو پر شرمیلا فاروقی نے بھی کمنٹ کیا اور کہا کہ نادیہ خان بے شرم خاتون ہیں اور میں ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کراؤں گی۔