پی ٹی آئی کے 3 سال پرامن ترین ہیں، وزیراطلاعات

 اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی کے 3 سال پرامن ترین ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ 

سپریم کورٹ کے باہر وزیرداخلہ شیخ رشید کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر عدالتی حکم کی تعمیل کی اور قانون کی حکمرانی کو نافذ کرکے دکھایا ، یہ وہ احترام ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اداروں کا کرتی ہے، چار ہفتے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کر کے رپورٹ سپریم کورٹ میں رکھیں گے، عدالت کا فیصلہ ہے کہ جن کی اخلاقی ذمہ داریاں بنتی ہیں تعین کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پر پاکستان کے ہر شہری کا دل رنجیدہ ہے، سانحہ کے وقت ن لیگ برسراقتدار تھی، اور بہت آسان تھا کہ ہم اس وقت کی حکومت کو الزا م دیتے، لیکن ہم پاکستان کی قومی وحدت کو دیکھتے ہیں،  پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان بنایا، نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے، اور اس کا کریڈٹ سیاسی قیادت کو جاتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہر ملک میں ہوتی ہے، یہ ناکامی نائن الیون واقعہ میں بھی ہوئی، 7 بمبار وائٹ ہاؤس کے سامنے ہوٹل میں 3 ماہ تک رہے لیکن کسی کو نہیں پتہ چلا، آج بھی ہم اسی نیشنل ایکشن پلان کو آگے لے کر چل رہے ہیں، پی ٹی آئی کے 3 سال پرامن ترین ہیں، ہم نے کورونا کا مقابلہ کیا، معاشی چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، پاکستان کی سیاسی قیادت کے دور اندیشانہ فیصلوں پر عمل کیا۔