’ہلکا لیا تو گریں گے‘، سابق بھارتی کپتان گواسکر بھی افغانستان سے خوفزدہ

بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے افغانستان کو بھی اپنی ٹیم کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سنیل گواسکر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ افغانستان کی ٹیم نڈر ہوکر کھیلتی ہے اس لیے وہ غیر معمولی طور پر خطرناک ہے۔

سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ افغان ٹیم کے پاس بہترین اسپنرز ہیں اور وہ بھارتی ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں جب کہ بھارتی ٹیم نے حال ہی میں اسپنرز کے خلاف خراب کارکردگی دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اسپنرز بھارت کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے اسپنرز کے مقابلے میں زیادہ سخت چیلنج دیں گے لہٰذا اگر بھارتی بلے باز ان کے حملوں کا جواب دینا چاہتے ہیں تو انہیں جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔

سنیل گواسکر نے خاص طور پر افغان اسپنر راشد خان کو بھارتی ٹیم کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور کہاکہ بھارت کو مجیب الرحمان اور راشد خان کے خلاف دو مختلف کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، دونوں بولرز کے خلاف کچھ مختلف کرنا چاہیے۔

بھارت اور افغانستان کا اگلا میچ آج شام کو ہوگا، افغانستان اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر ہے اور اگر اس نے بھارت کو شکست دے دی تو اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔