ہمیشہ شاہد آفریدی کا مداح رہا، پریشر پسند کرتا ہوں: شاہین آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ پریشر پسند کرتا ہوں کیوں کہ جب پریشر آتا ہے تو میں اچھا پرفارم کرتا ہوں۔

شاہین آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) کی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا فخر کی بات ہے، اپنی بہترین کرکٹ پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے قبل میں نے زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی تھی، مجھے بہت جلد پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی کا ہمیشہ مداح رہا اور ہمیشہ 10 نمبر کی جرسی کی خواہش تھی۔

ساتھی کرکٹرز  اور بولنگ کنسلٹنٹ کی شاہین سے متعلق رائے

انٹرویو کے دوران ساتھی کرکٹرز اور کوچز نے بھی شاہین آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا۔

آل راونڈر عماد وسیم نے کہا کہ میں نیٹ پر شاہین شاہ آفریدی کا سامنا نہیں کرتا، یہ وسیم اکرم کے بعد پاکستان کا بہترین بولر ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ شاہین اس کھیل کے افق پر ابھرتا ہوا ستارہ ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی تیز گیند بھی اچھی کراتا ہے اور سلوور ون میں بھی خوب مہارت ہے، یہ اننگ کے ہر حصے میں اثر انداز ہونے والی بولنگ کرسکتا ہے۔