روہت کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کے سوال پر ویرات کوہلی برا مان گئے

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے گزشتہ روز پاکستان کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد پریس کانفرنس میں صحافیوں کے کچھ چبھتے سوالات کا سامنا کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے ویرات سے ٹیم کے اوپننگ بیٹر روہت شرما کو اگلے میچ کے لیے ڈراپ کرنے سے متعلق سوال کیا اور ان کی جگہ ایشان کیشن کو شامل کرنے کی بات کی۔

سوال پر ویرات نے صحافی سے طنزیہ سوال کیا کہ آپ کو کیا لگتا ہے؟ مجھے جو ٹیم بہترین لگی وہ میں نے کھلائی، آپ بتائیں کیا آپ روہت شرما کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کریں گے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ روہت شرما کی آخری بار ٹیم کیلئے کیا پرفارمنس تھی؟

ویرات نے دو ٹوک لہجے میں کہا کہ اگر آپ تنازع چاہتے ہیں تو براہ کرم مجھے پہلے بتائیں تاکہ میں اس کے مطابق جواب دے سکوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان نے بھارت کو  10 وکٹوں سے شکست دی جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز اوپنر روہت شرما شاہین شاہ آفریدی کی بال پر بغیر کوئی رن بنائی پویلین لوٹ گئے۔