اس ملک میں سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے، چیف جسٹس آف پاکستان

حیدرآباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ اس ملک میں سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے سرکٹ ہاؤس کے شیو مندر میں جاری سالانہ میلے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ میلے میں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال اور آتشبازی بھی کی گئی۔ چیف جسٹس کے ہمراہ پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش واکوانی بھی موجود تھے۔ پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش واکوانی نے چیف جسٹس گلزار احمد کو شال کا تحفہ، تھر کی رلی اور لنگھی بھی پیش کی گئی۔

چیئرمین پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار واکوانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کہا کہ چیف جسٹس کی آمد پر ان کے مشکور ہیں، ان کا اہلخانہ کے ہمراہ یہاں آنا ہندو برادری کیلیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی بدولت ٹیری مندر تعمیر ہوچکا ہے، مینارٹیز کی ملکیت پر قبضے آج بھی ہورہے ہیں، سندھ میں پچاس فیصد ملکیت پر قبضے ختم نہیں ہوسکے، اویکیو ٹرسٹ کا سندھ میں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیری مندر کے حوالے سے چیف جسٹس نے سخت ایکشن لیا اس مندر کے افتتاح کیلیے چیف جسٹس کو دعوت پیش کرتا ہو، یہ مندر گلزار احمد کی وجہ سے فعال ہوا ہے۔

رمیش کمار نے کہا کہ مینارٹی کمیونٹی کے مندروں کی بحالی کیلیے چیف جسٹس نے اہم اقدامات کروائے، سندھ حکومت کے مسائل ہیں جنہیں حل کروایا جائے، جیکب آباد میں ہمارے اقلیتی ممبر کو اٹھا کر مارا گیا، جامشورو میں بھی ایسا ہی واقعی رونما ہوا، مینارٹیز کے ساتھ ظلم بند ہونے چاہیئے، سندھ حکومت ان معاملات پر سست روی سے کام لیتی ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے نوارتری میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری کو میلے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور رمیش کمار نے جن مسائل کی نشاندھی کی انہیں حل کروانے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے ہر قسم کے مذہب کے لوگوں کو جو اختیار دیا ہے اس کی پاسداری کرتے رہیں گے، سب کو اس ملک میں مذہب کی آزادی حاصل ہے کیوں کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قیام سے پہلے ہی مذہب کی آزادی کا اعلان کردیا تھا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پراپرٹی پر قبضے کے کیسز آتے ہیں، اس سلسلے میں چیئرمین ایکویو ٹرسٹ بورڈ کو بارہا سمجھایا ہے کہ ہندو پراپرٹی واپس کروائی جائے، سرکٹ ہاؤس مندر کے معاملے کو بھی دیکھیں گے۔ اویکیو ٹرسٹ سے مندر کا سارا ریکارڈ منگوائیں گے، ٹیری مندر و دیگر مندروں اور گرجا گھروں، اقلیتوں کی بھرپور حفاظت کرتے رہیں گے۔