پی آئی اے کو دھمکیاں؛ پاکستان کا معاملہ افغانستان کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پی آئی اے کو دھمکیوں کا معالہ میں پاکستان کے افغانست ن میں سفیر افغان حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔

اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ کابل میں پی آئی اے آپریشن کی معطلی کے حوالے سے پی آئی اے نے وضاحت جاری کی ہے، قومی ایئرلائن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پروازیں چلائیں، تاہم اب پی آئی اے کی پروازیں معطل کردی گئی ہیں، افغانستان میں پاکستان کے سفیر اعلی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایرانی عسکری وسویلن حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں، دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں، ایران پاکستان کا پرامن ہمسایہ ملک ہے، افغانستان سمیت اہم ایشوز پر بات چیت ہوئی، تاہم سعودی عرب کے حوالے سے ایران سے کوئی بات نہیں ہوئی، سعودی عرب اور ایران کے مابین مسائل کے حل کے لئے مذاکرات ہونے چاہئیے، کسی بھی دوسرے ملک کی وجہ سے کسی ملک سے تعلقات متاثر نہیں ہوتے۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت اور امن کا قیام سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مذاکرات کے ذریعے ہی افغانستان کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ایک ہفتے میں جعلی مقابلوں میں 10 کشمیریوں کو بے دردری سے قتل کیا گیا، 1400 سے ذائد کشمیریوں پر جعلی مقدمے قائم کئے، بھارت کے نہتے کشمیریوں کے خلاف جارحانہ اقدامات کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے، بھارت کو علاقائی امن و استحکام کے لئے خطرہ بننے سے روکا جائے، پاکستان نے بھارت میں اسلاموفوبیا اور اقلیتوں کے خلاف ظلم کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔