جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک کار سوار نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا یاسر علی کو اس وقت گولی مار کر شہید کردیا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفر کر رہاتھا

سری نگر() بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں ایک کار سوار نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔بھارتی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس کی 40بٹالین کے اہلکاروں نے گزشتہ روز ضلع  اسلام آبادکے علاقے منگہال میں نہتے کشمیری شہری یاسر علی کو اس وقت گولی مار کر شہید کردیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفر کر رہاتھا۔ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایاہے کہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے یاسر کی کی گاڑی پر فائرنگ کرکے اسے گاڑی کے اندر ہی شہید کر دیا۔ نوجوان کی شناخت ججر کوٹلی جموں کے یاسر علی کے طور پر ہوئی ہے جو کہ عارضی طور پر میر بازار اننت ناگ میت سکونت پزیر تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن الموسوی الصفوی  اور دوسرے کشمیری رہنماوں نے اپنے بیانات میں یاسر علی کے قتل کی شدید مذمت  کی ہے ۔ادھر سرینگر کے علاقے صفاکدل میں بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے بنکر پر دستی بم سے حملہ کیاگیا تاہم بم بنکر کے جال سے ٹکراکر بنکر کے باہر سڑک پرپھٹ گیا جس سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔