انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کی اپیل برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کشمیر اور فلسطین کے حق میں مارچ

سرینگر05اکتوبر ( )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنماﺅں اور تنظیموںنے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوںکو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
حریت رہنماﺅں اور تنظیموں بشمول مولوی بشیر احمد ، عبدالصمد انقلابی ، جموںوکشمیر تحریک مزاحمت اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں افسوس ظاہر کیا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں سے زندہ رہنے کے حق سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میںپر تشدد فوجی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں کوبھی نہیں بخشا جاتا ۔ انہوںنے خبردار کیاکہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر پر اپنے فوجی تسلط کو مضبوط کرنے کیلئے ہر غیر جمہوری ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے جس سے جنوبی ایشیاءکے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے رہنماﺅںنے اتوار کو اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میںپارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کی گرفتاری اور آٹھ کسانوںکے قتل کے خلاف سرینگر اور جموں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ریلیوںکی قیادت غلام احمد میر اور رمن بھلہ نے کی ۔
ادھربھارتی قابض انتظامیہ نے سرینگر میںآزادی کے حق میں اوربھارت مخالف مظاہروں کے بعد سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوںمیںپابندیاں سخت کردی ہیں۔ مظاہروںکو روکنے کیلئے اہم مقامات پر فوج کی اضافی نفری تعینات اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے جبکہ جگہ جگہ ناکے لگا کر لوگوں کی تلاشیاں بھی لی جارہی ہیں ۔
جموں سے شائع ہونے والے معروف انگریزی روزنامے” ارلی ٹائمز“ نے کہا ہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے اپنے حالیہ دورہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے دوران سنگھ پریوار سے وابستہ ہندو انتہا پسندوں کو ہدف کے حصول کے لیے اکسایا ، جس کے بارے میں سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ ہدف اگلے چند سال میں مقبوضہ جموںوکشمیر کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ مقبوضہ جموںوکشمیرسے تعلق رکھنے والے سابق بھارتی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے ایک بیان میں کہا کہ موہن بھاگوت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ سے بالکل بے خبر ہیں۔
ممبئی پولیس نے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے خلاف مبینہ بیان دینے پرمعروف بھارتی گیت نگار جاوید اختر کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
ادھر مانچسٹر میں کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے پہلے دن کشمیر اور فلسطین کے سینکڑوں حامی ”بھارت کو مسلح کرنا بند کرو“ اور”اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو“ کے نعرے لگاتے ہوئے عوامی مارچ میں شامل ہوئے۔ مظاہرین نے ”کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرو“اور ”کشمیر اور فلسطین میں قتل عام بند کرو“ کے نعرے بھی لگائے۔ رکن پارلیمنٹ افضل خان اور فہیم کیانی ، ایان اسکاٹ اور سٹورٹ رچرڈسن سمیت دیگر مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی۔