مقبوضہ کشمیر:شوپیاں میں جعلی مقابلے میں سکول ٹیچر جان بحق

شوپیاں () مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کی صبح ایک تصادم میں ایک سکول ٹیچر جاں بحق ہو گیا، جب کہ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مقتول ایک عسکریت پسند تھا جس کی شناخت23 سالہ مجیب لون ولد محمد امین لون ساکن کلگام کے علاقے ریڈوانی بالا کے طور پر ہوئی ہے۔
ساوتھ ایشین وائر سے بات کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے اس سے قبل کہا تھا کہ جمعہ کی صبح شوپیاں کے علاقے رکامہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک عسکریت پسند مارا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مجیب 9 ستمبر 2021 سے فعال تھا۔
فورسز کے ذرائع کے مطابق راشٹریہ رائفلز (آر آر)، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی)کی ایک مخصوص معلومات پر جمعہ کی علی الصبح شوپیاں کے گاوں راکھا میں مشترکہ کورڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ایگزٹ پوائنٹس کو سیل کرنے کے بعد جب سیکورٹی فورسز گاوں کے ایک مخصوص علاقے کی طرف بڑھ رہی تھیں تو وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر دی۔
سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی ، انہوں نے کہا کہ اب تک ایک عسکریت پسند مارا گیا ہے۔ایک مقامی کشمیری صحافی کے مطابق مقتول کو 9ستمبر کو بھارت فوج نے تحویل میں لیا تھا۔
جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں لشکر طیبہ کے ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ پلوامہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ایک درجہ بندی شدہ عسکریت پسند کو گرفتار کیا جس کی شناخت شمیم صوفی ولد غلام محمد صوفی نکلوڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت مشتعل مواد بھی برآمد ہوا ہے۔