مقبوضہ کشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کل مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے تاکہ بھارت اور دنیا کو ایک بارپھر یہ واضح پیغام دیا جائے کہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے اسرائیل کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ لوگ شکایت کررہے ہیں کہ انہیں ان کی زمینوں سے زبردستی بے دخل کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ بھارتی حکومت نے قبضہ شدہ اراضی پر آر ایس ایس کے غنڈوں کے لئے دولاکھ مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جب تک مقبوضہ علاقے میں ایک بھی بھارتی فوجی موجود ہے، کشمیری اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ائمہ مساجد اور خطیبوں سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز نماز کے بعد عوامی مظاہروں کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس روز مساجد اور درگاہوں سے آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے جائیں گے اور مغرب سے عشاءتک مکمل بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔
جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ متعدد کشمیری اپنی سزائیں مکمل کرنے کے بعد بھی اپنے سیاسی نظریے کی وجہ سے غیر قانونی طور پر نظربند ہیں۔
مفتی اعظم کشمیر، مفتی ناصر الاسلام نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے خطے میں عیدالاضحی یکم اگست کو منائی جائے گی ۔ انہوں نے لوگوں سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نماز عید پڑھنے کی اپیل کی ہے ۔
میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں فورم کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ختم کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔

via ptv news