کشمیری صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے خلاف حقائق معلوم کرنے والی کمیٹی قائم پریس کونسل آف انڈیا کی کمیٹی میں پرکاش دوبے ، گوربیر سنگھ اور ڈاکٹر سمن گپتا شامل ہیں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پریس کونسل آف انڈیا سے ایک تحریری شکایت کی تھی

سری نگر() پریس کونسل آف انڈیا نے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحقیقات کیلئے تین رکنی حقائق معلوم کرنے والی( فیکٹ فائنڈنگ) کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ پریس کونسل آف انڈیا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق  مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کے مطالبے پر  کونسل کے چیرمین نے کمیٹی قائم کی ہے ۔حقائق معلوم کرنے والی کمیٹی روزنامہ دینیک بھاسکرکے گروپ ایڈیٹرپرکاش دوبے ، نیو انڈین ایکسپریس کے صحافی گوربیر سنگھ اور ایڈیٹر جن مورچہ ڈاکٹر سمن گپتا پر مشتمل ہے ۔ کمیٹی مکمل تحقیقات کے علاوہ متعلقہ حکام اور متاثرہ صحافیوں سے بات چیت کرے گی اورشواہد اور معلومات اکٹھی کرنے کے بعد جلد از جلد اپنی رپورٹ کونسل کو پیش کریگی ۔ کونسل نے قابض بھارتی انتظامیہ سے بھی کہاہے کہ وہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو مکمل تعاون اورسہولت فراہم کرے ۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں محبوبہ مفتی نے پریس کونسل آف انڈیا اور ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کے نام ایک مراسلے میں مطالبہ کیا تھا کہ وہ صحافیوں کو ڈرائے ،دھمکانے ، ان کی جاسوسی کرنے اور بلاجواز ہراساں کئے جانے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم کشمیر بھیجیں۔ انہوںنے مزید کہاتھا کہ بھارتی پولیس نے رواں ماہ کشمیر میں کئی صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور ان کے فون ، لیپ ٹاپ ، اے ٹی ایم کارڈز اور پاسپورٹ ضبط کرلئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبوضہ علاقے میں سچ سامنے لانا ایک جرم بنتاجارہاہے۔محبوبہ مفتی نے ایک سوالنامہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاتھاکہ صحافیوں کوفی الحال بھارتی ریاست کی طرف سے تفتیش کاسامنا ہے۔جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں پریس کونسل آف انڈیا  کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں  نے کہا ہے کہ  کشمیری صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحقیقات کیلئے  فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام پر ہم شکر گزار ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ  مقامی انتظامیہ کمیٹی سے تعاون کرے گی