ٹی 20 رینکنگ، بابر اعظم اور رضوان کی پوزیشنز بچ گئیں

کراچی: ٹی 20 رینکنگ ٹاپ 10 میں اکھاڑ پچھاڑ سے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پوزیشنز بچ گئیں۔

بنگلادیش و نیوزی لینڈ اور سری لنکا و جنوبی افریقہ کی  سیریز کے اختتام پر آئی سی سی نے تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی،بیٹسمینوں میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان بدستور ٹاپ 10 میں پوزیشنز برقرار رکھے ہوئے ہیں،بابر دوسرے اور رضوان ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں کے بعد پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین ٹاپ 40 تک میں موجود نہیں، فخر زمان کا درجہ47 واں ہے۔

ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز انگلش پلیئر ڈیوڈ مالان کے پاس ہے، نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے کی ایک درجہ تنزلی سے ویراٹ کوہلی کو چوتھی پوزیشن پر پہنچنے کا موقع مل گیا، کوئنٹین ڈی کک 4 درجہ بہتری سے آٹھویں نمبر پر آگئے، حضرت اللہ زازئی کی بھی ایک درجہ بہتری سے ٹاپ 10 میں انٹری ہوگئی،ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس کو ایک درجہ خسارے سے نویں نمبر پر جانا پڑا۔ ادھر بولرز میں ٹاپ 20 پوزیشنز پر کسی پاکستانی کا نام موجود نہیں ہے۔

سری لنکا کے لکشن سنداکن کی ایک درجہ تنزلی سے شاہین شاہ آفریدی 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے، فہیم اشرف کا 37 واں نمبر ہے، ٹاپ ٹی 20 بولر کا اعزاز بدستور جنوبی افریقی تبریز شمسی کے پاس ہے، بنگلادیش کے مستفیض الرحمان کیلیے آٹھویں پوزیشن چھوڑنے والے نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدھی کو دسویں نمبر پر جانا پڑا۔