میشا شفیع کا گانا ’ہاٹ مینگو چٹنی ساس‘ ریلیز

’سکل بن، دشت تنہائی اور عشق آپ بھی اولا‘ جیسے گانوں سے شائقین کے دل میں گھر کر جانے والی میشا شفیع کا پاپ سانگ ’ہاٹ مینگو چٹنی ساس‘ ریلیز کردیا گیا۔

انہوں نے اپنے نئے سولو گانے کی ریلیز کا اعلان سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا۔

میوزک ویڈیو میں ماڈل ایمان سلیمان، زارا پیرزادہ، رباب علی اور آرٹسٹ بے مثال شامل ہیں اور اسے عبداللہ صدیقی، ہاشم علی اور نامعلوم کانٹینٹ کریٹیر سوینری نے پروڈیوس کیا ہے۔

گانے کی ویڈیو رنگوں سے بھرپور ہے جس کی ہدایات میشا شفیع اور اویس گوہر نے مشترکہ طور پر دیں، آرٹ کی ہدایات میشا شفیع اور ہاشم علی نے دیں۔

علاوہ ازیں اس ویڈیو میں پہنے گئے ملبوسات بھی توجہ کا مرکز بنے، میشا شفیع اور دیگر ماڈلز کے دیسی لباس میں جدت شامل کی گئی۔

میوزک ویڈیو میں پہنے گئے تمام ملبوسات رنگ برنگے ہیں اور ان کی اسٹائلنگ بھی میشا شفیع اور ہاشم علی نے کی۔

اس گانے کی شوٹنگ لاہور اور ٹورنٹو میں کی گئی، لاہور میں فلمائے گئے حصے میں ماڈلر کو ہاتھوں میں آم لیے ٹرک کی پچھلی سائیڈ پر دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹرک کو نیون لائٹس سے سجایا گیا ہے اور ویڈیو میں ایک خوبصورت انداز میں دکھایا گیا ہے

اس گانے میں اردو، پنجابی اور انگریزی زبان کے جملوں کو ایک ساتھ ملا کر پیش کیا گیا ہے کہ پہلی بار سننے والے کو ایک کے بعد ایک زبان سنائی دیتی ہے۔

چند روز قبل میشا شفیع نے انسٹاگرام پوسٹ میں ’چٹنی کی برنی‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا سولو گانا ستمبر کے پہلے عشرے میں ریلیز کردیا جائے گا۔

گلوکارہ نے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’یہ کوئی عام مینگو چٹنی نہیں ہے‘۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عبداللہ صدیقی اور میشا شفیع ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، دونوں نے ستمبر 2020 میں بھی ایک ساتھ گانا شیئر کیا تھا، جس کی تمام شوٹنگ آئی فون پر کی گئی تھی۔