کورونا وائرس کا حملہ دماغ کو بھی کمزور کردیتا ہے، ماہرین

لندن: برطانوی ماہرین نے 80 ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کے بعد دریافت کیا ہے کہ کووِڈ 19 کا باعث بننے والا کورونا وائرس (سارس کوو 2) متاثرہ افراد کے دماغ کو بھی کمزور کردیتا ہے۔

آن لائن ریسرچ جرنل ’’ای کلینیکل میڈیسن‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں جنوری سے دسمبر 2020 تک 81,337 برطانوی شہریوں کی صحت سے متعلق معلومات جمع کی گئیں جن کی ذہانت ’’گریٹ برٹش انٹیلی جنس ٹیسٹ‘‘ اور سوالناموں کے ذریعے جانچی جاتی رہی تھی۔

محتاط تجزیئے سے معلوم ہوا کہ ان میں سے جو لوگ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے تھے، ان میں ذہانت کی سابقہ اور موجودہ پیمائشوں میں کچھ خاص فرق نہیں تھا جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی اکتسابی صلاحیتوں میں واضح طور پر کمی دیکھی گئی۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ کورونا وائرس سے زیادہ شدید طور پر متاثر ہونے والوں کی ذہانت بھی زیادہ متاثر ہوئی تھی۔

اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز انکشاف یہ ہوا کہ کورونا وائرس جن افراد کو زیادہ متاثر نہیں کرسکا، یا جن لوگوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باوجود ظاہری علامات نمودار نہیں ہوئیں، ان کی ذہانت میں بھی فرق پڑا تھا؛ یعنی ان کی اکتسابی صلاحیتیں پہلے سے کم ہوگئی تھیں۔

اس مطالعے کی روشنی میں ایک بار پھر یہی ثابت ہوا ہے کہ کووِڈ 19 کی وبا اگرچہ پھیپھڑوں اور نظامِ تنفس پر براہِ راست حملہ آور ہوتی ہے لیکن یوں لگتا ہے کہ جسم کے تقریباً تمام اعضاء اور نظام بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پاتے۔