
جنوبی کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، مزید چار نوجوان شہید کر د ئیے علاقے میں فوجی آپریشن جاری، پلوامہ اور کولگام اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل
سرینگر() مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران جمعرات کوجنوبی کشمیر کے دو اضلاع میں مزید چار کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کے پی ا ئی کے مطابق قابض فوجیوں نے دو نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے پچھل جبکہ دیگر دو کو ضلع کولگام کے علاقے زڈر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے زڈورا میں ہونے والی مسلح جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو عسکریت پسندمارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس جنگجو مخالف آپریشن میں کولگام پولیس اور فوج کی ایک آر آر نے حصہ لیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایسی ہی ایک اورجھڑپ ضلع پلوامہ کے پوچھل میں رونما ہوئی جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔شہید ہونے والے مجاہدین میں کفایت ساکنہ ڈانگر پورہ پڈگام پورہ اونتی پورہ،عنایت احمد ساکنہ سمبورہ پلوامہ،نثار احمدپنڈت ساکنہ رڈونی کولگام اور شہباز ساکنہ کاتروسو کولگام شامل ہیں۔اس دوران کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ عسکریت پسندوں مارے گئے ہیں۔یاد رہے کہ پولیس نے بدھ کو بتایا کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر کو شہید کیا ہے، آخری اطلاعات میں دونوں علاقوں میںتلاشی کی کارروائیاں جاری تھیں۔قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ کرال گنڈ میں ایک کشمیری نوجوان معراج الدین کو مسافر بس سے باہر نکال کر جعلی مقابلے جبکہ ایک اور کو ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ کلال میں ایک آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔ اس طر ح دو دنوں میں شہداء کی تعداد چھ ہوگئی