پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس، آرمی چیف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔

 پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اِن کیمرا اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے جب کہ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، اس دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے بات ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اجلاس میں  ملکی داخلی صورت حال کے علاوہ افغانستان، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی بذریعہ ہیلی کاپٹر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کوچھٹی دے دی گئی جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کو داخلے سے روک دیا گیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ میڈیا تب آتا ہے جب پارلیمنٹ کھلی ہو، جب پارلیمنٹ میں چھٹی کردی گئی ہے تو میڈیا والے آکر کیا کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ اجلاس میں آپ کیا ان پٹ دیں گے؟ اس پر شہباز شریف نے کہا کہ بریفنگ کے بعد ہی دیکھیں گے، صحافی نے پوچھاکہ بلاول بھٹو نےآپ پر بجٹ اجلاس میں شریک نہ ہونے پر تنقید کی تھی؟ اس پر اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میں لاہور میں تھا میرے علم میں نہیں ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپوزیشن چیمبر آمد پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پہلے ہم ان کی سنیں گے پھر ہم پنا مؤقف دیں گے۔