بھارتی حکومت اوراس کے کٹھ پتلیوں کے درمیان مذاکرات سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں: صمد انقلابی

سرینگر 22 جون ( ) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموںو کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ 24 جون کونئی دہلی میںبھارتی حکومت اوراس کے کٹھ پتلیوں کے درمیان مذاکرات سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں کشمیریوں کی نمائندگی کرنے والے تمام سیاستدان دراصل بھارتی حکومت کے نمائندے ہیں ۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ حریت پسند کشمیری رہنماﺅں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرے اورحریت قیادت اور حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرا ت کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ایجنٹوں کو جموںو کشمیر کی قیادت قراردے کر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ خود ساختہ کشمیری قیادت کے ساتھ بات چیت کشمیری عوام کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے سوپورمیں شہید ہونے والے نوجوانوں مدثر احمد پنڈت، خورشید احمد میر اور اسرار عبداللہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا۔ انہوںنے صحافیوںکے ساتھ قابض انتظامیہ کے غیر اخلاقی رویے کی شدید مذمت کی۔