کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت

سرینگر29جون( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حالیہ دنوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
 کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ محمد شریف سرتاج نے ایک بیان میں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں سے روا رکھے جانیوالے نوآبادیاتی رویے کی شدیدمذمت کی۔انہوںنے جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا جہاں بھارتی قابض انتظامیہ کی طر ف سے نہتے کشمیریوں اور حریت قیادت کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کیاجاتا ہے اور کشمیریوںکو انکے بنیادی حقوق سے محروم کر دیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کی خون آلود سڑکوں اور جیلوں سمیت ہر جگہ کشمیریوںکو یکساں صورتحال کا سامنا ہے یہی وجہ ہے کہ جموںوکشمیر آنے والے سیاح اور محقق بجا طورپر اسے دنیا کی خوبصورت جیل قراردیتے ہیں۔شریف سرتاج نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر وحشیانہ ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے  اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ ، عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض فوجیوںکی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وتشدد اور انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوںکا از خود جائزہ لینے کی غرض سے مقبوضہ جموںوکشمیر آنے کی اجازت دینے کیلئے بھارت پر دبائوبڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام، غیر قانونی گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اور املاک کی تباہی سمیت بھارت کے سنگین جرائم پر اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔ حریت رہنما نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پرزوردیا۔