کشمیری نوجوان محمد امین ملک کو فوج نے دوران حراست قتل کر دیا۔سید علی گیلانی کشمیری نوجوانوں بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں

سرینگر : قائد تحریک آزادی کشمیرسید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی جانب سے ایک اور کشمیری نوجوان کی دوران حراست بے رحمی سے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیا  ہے کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے بھارت کے خلاف اقدامات اٹھائیں،ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں بزرگ کشمیری رہنما نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے ایک اور گھناونی کارروائی کے دوران جنوبی کشمیر کے ترال ضلع میں ایک کشمیری نوجوان محمد امین ملک کو ٹارچر سیل میں بے رحمی سے قتل کردیا،انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوںنہتے کشمیریوں کے قتل کا سخت نوٹس لیں اور بھارت سے ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کریں۔ انہوںنے شہید محمد امین ملک اور دیگر کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کررہے ہیں