مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 34 افراد جاں بحق اسطرح وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4206ہوگئی ہے

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میںپچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے  مزید 34  افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔اسطرح   وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4206ہوگئی ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 49 ہزار 412 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے  جن میں 1723افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں  اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 297602ہوگئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا کی  دوسری لہر کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران جان گنوانے والوں کی تعداد 2036ہوگئی ہے جبکہ پہلی لہر کے 12ماہ کے دوران  1994افراد فوت ہوئے تھے ۔جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں جمعے کو یک روزہ مکمل کورونا کرفیو رہا جس کی وجہ سے ان اضلاع میں معمولات زندگی کلی طور پر معطل رہے ۔جموں کشمیر میں کورونا لاک ڈائون کے نتیجے میں مسلسل5 ویں ہفتے بھی جامع مسجد سرینگر اور درگاہ حضرت بل سمیت خانقاہوں و بڑی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی نہیں ہوئی ۔ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی پاداش میں91 مقدمات درج کیے گئے ہ192افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ جموں کشمیر میں29مئی سے جاری لاک ڈائون میں اگرچہ اس ہفتے2دنوں کیلئے تجارتی سرگرمیوں کی محدود اجازت دی گئی تاہم مجموعی طور پر جمعہ کو37ویں روز بھی بندشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعہ کو گزشتہ دنوں کے برعکس بندشوں میں سختی دیکھنے کو ملی۔ وادی کے تمام اضلاع میں جمعہ کو اضافی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا اور لاک ڈائون کے نفاذ کو سخت کردیا گیا تھا۔وسطی کشمیر کے علاوہ جنوبی اور شمالی کشمیر میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔اس دوران جموں میں بھی لاک ڈائون کا اچھا خاصا اثر دیکھنے کو ملا اور انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے لاک ڈائون کے نفاذ میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی۔ نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر دیکھنے کوملا تاہم مسافر بردار ٹرانسپورٹ سڑکوں سے دور رہا