ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کی آواز کس آرٹسٹ نے نکالی؟

ارطغرل غازی کا کردار حلیمہ سلطان کی اردو آواز میں ڈبنگ کرنے والی پاکستانی آرٹسٹ ربیعہ راجپوت نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ چاہتی ہیں حلیمہ (اسرا بلگیج) خود ان کے کام کی تعریف کریں۔

شہرہ آفاق ترک سیریز ارطغرل غازی کی مقبولیت ناصرف پاکستان بلکہ کئی دیگر ممالک میں بھی ہے جب کہ ڈرامہ کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ناظرین کیلئے نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کی اردو میں ڈبنگ پاکستانی وائس اوور آرٹسٹ ربعیہ راجپوت نے کی ہے۔

ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ربیعہ نے بتایا کہ جب شروع میں انہیں اردو ترجمے کیلئے پروڈکشن ہاؤس سے آڈیشن کی کال آئی تو وقت کی کمی کے باعث انہوں نے صاف انکار کردیا لیکن بعد ازاں پراجیکٹ کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آڈیشن کیلئے رضامند ہوگئیں۔

اسکرین گریب

وائس اوور آرٹسٹ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ‘میں ہر سین کو ایسے پرفارم کرتی ہوں گویا یہ سب میرے ساتھ ہورہا ہو، ڈبنگ کے دوران میں خیالی طور پر ڈرامے کے سیٹ پر ہی موجود ہوتی ہوں’۔

اپنے پسندیدہ سین سے متعلق ربیعہ نے بتایا کہ ‘جب حلیمہ کے گھر بیٹوں کی پیدائش ہوتی ہے، وہ سین میرا پپسندیدہ تھا، اس کے علاوہ چوتھے سیزن میں جب ارطغرل غازی مشکلات سے بچ کر قبیلے میں واپس لوٹتا ہے تو اس سین نے مجھے رلا دیا تھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں چاہتی ہوں اسرا از خود میری آواز سنیں اور مجھے سراہیں‘۔

انہوں نے ناصرف ایک گروپ کے ہمراہ ترکی جانے بلکہ وہاں ڈرامے کے کرداروں سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ معروف ترکی سیریز ارطغرل غازی کے کئی کردار پاکستان آچکے ہیں جن میں ارطغرل، عبدالرحمٰن غازی سمیت دیگر کردار شامل ہیں۔