اقوام متحدہ بھارت کو جموں و کشمیرمیں جنگی جرائم پر جوابدہ بنائے، حریت فورم

اسلام آباد  میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے نائب چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ کے کشمیر کے بارے میں حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ہائی کمشنر نے اپنے بیان میں غیر قانونی طور پربھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کواجاگر کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کرے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔

انہوںنے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے کہا کہ وہ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا سخت نوٹس لیں۔

الطاف حسین وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مشیل بیچلیٹ کا بیان بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکے بارے میں ہمارے موقف کی تائید کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی طرف سے جموںوکشمیرمیں کئے گئے اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کوقراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ تاہم انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کو اب صرف بیان جاری کرنے کے بجائے بھارتی حکومت کو کشمیرمیں اسکے فوجیوںکی طرف سے جاری جنگی جرائم پر جواب دہ بنانا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوںکی تحقیقات اور کشمیریوںکے خلاف تشدد میں ملوث اہلکاروںکو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے ایک خصوصی نمائندہ مقررکرنا چاہیے ۔مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے شہریوںکے خلاف جاری خونریزی ،ظلم و تشدد اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک کرناچاہیے کہ نہتے کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا جو کشمیریوںکی سیاسی اور ثقافتی شناخت مٹانے کے درپے ہے ۔واضح رہے کہ مشیل بیچلیٹ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی45 ویں اجلاس کے آغاز پر اپنے بیان میںکہاتھا کہ جموں و کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال سمیت شہریوں کے خلا ف بھارتی فوج اور پولیس کا تشدد جاری ہے۔