
بھارت اور پاکستان مذاکراتی عمل بحال کریں،جموں وکشمیر پیپلز لیگ تنازعہ کشمیرکے بنیادی فریق یعنی کشمیری عوام کواس میں شامل کریں
سری نگر : جموں وکشمیر پیپلز لیگ نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل بحال کریں اورتنازعہ کشمیرکے بنیادی فریق یعنی کشمیری عوام کواس میں شامل کریں ۔ پیپلز لیگ کے سیکریٹری جنرل نصیر الاسلام نے جنوبی کشمیر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے پائیدار بنیادوں پر حل کرنے پر زوردیا۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 74 سال سے تنازعہ حل نہ ہونے کی قیمت چکارہے ہیں اور ان کی زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔ ادھر پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل وغارت پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اس کی بے حسی اور لاتعلقی مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی کی واحد وجہ ہے۔انہوں نے شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔