فیصلہ کن معرکہ: جنوبی افریقہ کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

سنچورین: جنوبی افریقا نے فیصلہ کن میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آخری ایک روزہ میچ آج سنچورین میں کھیلا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصلہ کن معرکے کے لئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، طویل عرصے سے اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر سرفراز احمد آج فائنل الیون میں شامل ہوئے ہیں، اس کے علاوہ فاسٹ بولر حسن علی ، محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ ہیں، ساتھ ہی عثمان قادر آج اپنا ون ڈے ڈیبیو کرینگے۔

آصف علی ، دانش عزیز، محمد حسنین کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ انجرڈ شاداب خان سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم ، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی ،شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث روف شامل ہیں۔

دوسری جانب نجی لیگ میں شرکت کے باعث جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم تبدیل ہوگئی ہے، رباڈا، نورکیا، ملر،ڈی کوک،اورانگیڈی آج کے اہم ترین معرکے میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، میچ سے قبل جنوبی افریقہ کے وین ڈرڈوسن انجری کے باعث تیسرے ون ڈے سے باہر ہوگئے۔

دوسری جانب بادل بھی سنچورین میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں، جس کے باعث فائنل میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹ سے ہرایا جب کہ دوسرے ٹاکرے میں میزبان ٹیم نے17 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آج پاکستان ٹیم فتح یاب ہوتی ہے تو تاریخ رقم ہوگی۔