میرواعظ عمر فاروق کی نظر بندی کے 20 مہینے مکمل ہوگئے تمام قیدیوں کو رمضان سے قبل رہا کیا جائے، حریت کانفرنس

سری نگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے  چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی نظر بندی کو پورے 20 مہینے مکمل ہوگئے ہیں ۔میرواعظ عمر فاروق کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے ایک روز قبل 4 اگست 2019  کو  سری نگر میں گھر پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس  نے ایک بیان میںمیرواعظ عمر فاروق کی نظر بندی ختم کرکے ان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ  چیئرمین کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کیخلاف بار بار آواز بلند کی جارہی ہے اور مختلف حلقوں سے میرواعظ کی رہائی کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم حکام کی جانب سے ان کی مسلسل اور لگاتار نظر بندی سے میرواعظ کے جملہ بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جارہے  ہیں جو حد درجہ افسوسناک ہے۔کے پی آئی  کے مطابق حریت نے کہا کہ مقدس ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر حکام کو چاہئے کہ وہ میرواعظ سمیت تمام سیاسی نظر بندوں اور نوجوانوں جو جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رکھے گئے ہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔