معروف کشمیری دانشور اور آزادی پسند رہنماء عبدالحمید کریمی راولپنڈی میںانتقال کر گئے

اسلام آباد05جولائی ( ) معروف کشمیری دانشور اور آزاد پسند رہنماء عبدالحمید کریمی آج راولپنڈی میں وفات پاگئے ۔
 بھارتی قابض فورسزنے عبدالحمید کریمی کو انکے جذبہ حریت کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہوںنے اپنی تحریروں کے ذریعے جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط اور جارحانہ عزائم کی مخالفت کی ۔ 1990کی دہائی میں بھارتی فورسز نے عبدالحمید کریمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا اور وہ انہیں شہید کرنے کے درپے تھے جس پر انہوںنے مجبوراً مقبوضہ جموںوکشمیر سے پاکستان ہجرت کی ۔ عبدالحمید کریمی جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس کے سسر تھے ۔ پارٹی کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوںنے اپنے بیانات میں عبدالحمید کریمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
ادھرجموں و کشمیر ماس مومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی نے ایک بیان میں عبدالحمید کریمی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عبدالحمید کریمی کا شمار تحریک آزادی کشمیر کے اولین رہنمائوں میںہوتا تھا جنہوںنے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کررکھی تھی ۔ انہوںنے کہا کریمی صاحب کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ مولوی بشیر احمد نے مرحومہ کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر عظیم کی دعا کی ۔