بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی خاموش مزاحمت جاری رہے گی : عنایت اللہ اندرابی

اسلام آباد 30 مارچ :  لندن میں مقیم معروف کشمیری دانشور سید عنایت اللہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی خاموش مزاحمت جاری رہے گی جس میںغداروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عنایت اللہ اندرابی نے کئی ٹویٹس میں غداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہ فیصل نے دفعہ 370کے خاتمے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی خدمات پیش کیں۔ کشمیری دانشور نے کہاکہ کشمیری عوام اپنی خاموش مزاحمت جاری رکھیں گے جس میںغداروں کے لئے دروازے بند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے حواریوں کا نام ونشان مٹ جائے گا اوروہ تاریخ کے کوڈے دان کی نذر ہوجائیں گے۔انہوںنے کہاکہ شاہ فیصل انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کا ایک کشمیری افسرتھا جس نے 05 اگست 2019 کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے پہلے اپنی نوکری سے استعفےٰ دیا تھا۔ بعد میں انہوں نے جے اینڈ کے پیپلز موومنٹ کے نام سے ایک سیاسی جماعت بنائی ۔لیکن پارٹی کے قیام کے ایک سال کے اندرہی شاہ فیصل نے سیاست چھوڑ دی اور اشارہ دیاکہ وہ حکومت کے ساتھ کام کرنے کے خلاف نہیں ہے۔ اندرابی نے کہاکہ رواںسال جنوری میں انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم کی تعریف کی۔