شہیدکشمیری رہنمائوں کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر 29 مارچ :  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر اور تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی وسیم نے شہید آزادی پسند رہنماؤں اشفاق مجید وانی، ایڈوکیٹ جلیل احمد اندرابی، ڈاکٹر عبدالاحد گوروو اور درگاہ حضرت بل کے شہداء کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ وطن عزیز کے یہ عظیم سپوت آزادی کے متوالے تھے اورانہوں نے مثالی جرات اور استقامت کے ساتھ تحریک مزاحمت کی قیادت کی۔ انہوں نے کہاکہ ان شہداء نے دنیا کودکھا دیا کہ کس طرح قربانیاں پیش کی جاتی ہے کیونکہ یہ تمام شہداء اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے۔ بیان میں کہاگیا کہ انہوں نے اپنی دنیا کی کامیابی کو چھوڑ دیا جو انہوں نے بہت محنت کے بعد حاصل کی تھی اور اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی۔بیان میں کہاگیا کہ یہ قربانیاں بے مثال اور غیر معمولی ہیں اور کشمیر ی عوام نے عظیم شہداء کے مقدس مشن کو اپنی ترجیح بنادیا ہے اور وہ اس مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بیان میں کہاگیا کہ وطن کے ان قابل فخر بیٹوں کایقین محکم اور عزم مصمم آنے والی نسلوں کے لئے مشعل ہو گا اور انہیںہمیشہ محبت، احترام، عزت کے ساتھ یا دکیاجائے گا۔
دریں اثناء ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں منعقدہ ایک اجلاس میں شہید جلیل اندرابی کو ان کے 25 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیاہے۔ اجلاس میںایڈوکیٹ این اے رونگا، جی این شاہین، ایم امین بٹ، ارشد اندرابی، پروفیسر نور بلال، ایم اشرف بٹ، اشرف وانی، نورالامین، اے اے تیلی، ہلال نورانی اور بنت مسلم نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جلیل اندرابی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں ایک حقیقی قائد قراردیا۔