نیول چیف کی متحدہ عرب امارات کی عسکری قیادت سے ملاقات

اسلام آباد،12 مارچ :2021 چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران یو اے ای مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹینٹ جنرل حماد محمد تھانی الرمیتھی اور کمانڈر یو اے ای نیول فورسز رئیر ایڈمرل (پائلٹ) سعید بن حمدان النہیان سے ملاقاتیں کیں۔

نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انھیں متحدہ عرب امارات بحریہ کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔امیرالبحر نے ابو ظہبی میں قائم جہاز سازی کی صنعت، نیول فورسز انسٹی ٹیوٹ اور گھنٹ آﺅٹ نیول بیس کا دورہ بھی کیا۔

کمانڈر یو اے ای نیول فورسز سے ملاقات کے دوران باہمی بحری تعاون اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے پاکستان کی بین الاقوامی بحری مشق امن۔21 میں شرکت پر یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے مشترکہ بحری سیکیورٹی اور مشق امن۔ 21کے کامیاب انعقاد کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔

بعدازاں، متحدہ عرب امارات مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول باہمی دفاعی تعاون کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے روابط بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ معززین نے باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات میں مزید اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔