مقبوضہ کشمیر کے تمام سکولوں میں بھارتی تر نگے والے سائن بورڈ لگانے کا حکم محکمہ تعلیم نے سبھی سرکاری اسکولوں کے سائن بورڈ میں ترنگا لگانا لازمی قرار دے دیا ہے

سرینگر : بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے تمام سکولوں میں بھارتی تر نگے ( بھارتی پرچم ) والے سائن بورڈ لگانے کا حکم دیا ہے ۔ اس سلسلے میں جموں و کشمیر محکمہ تعلیم نے سبھی سرکاری اسکولوں کے سائن بورڈ میں ترنگا لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ سرکاری اسکول کی عمارتوں کو سفید اور گرے رنگ سے رنگا جانا چاہیے اور ساتھ ہی سائن بورڈ پر ترنگا بھی ہونا لازمی ہے۔  محکمہ تعلیم  سکولز کے حکم کے مطابق اپریل مہینے کے آخر تک خطہ کے سبھی اسکولوں کو حکم پر عمل کر کے رپورٹ محکمہ تعلیم کو دینی ہوگی۔ حکم کو نظرانداز کرنے والوں کے خلاف  کارروائی ہوگی ۔۔ محکمہ تعلیم کے مطابق فروری میں ہی اس سلسلے میں کام شروع کر دیا گیا تھا جب سبھی اسکول سردیوں کی چھٹیوں کے لیے بند تھے، اور بہت سارے اسکولوں میں یہ کام پورا بھی کیا جا چکا ہے۔ لیکن وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں برف باری اور سردی کے سبب رنگائی کا کام نہیں ہو سکا ہے۔ حالانکہ اب اس کام کو 30 اپریل سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔