اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

کراچی: پی ایس ایل 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 151 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان کی 71 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکی۔

لیوس گریگوری نے 49 رنز کی میچ وننگز اننگز کھیلی، فہیم اشرف 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، الیکس ہیلز نے 29 رنز کی اننگز کھیلی انہیں شاہد آفریدی نے بولڈ کیا۔

کپتان شاداب خان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت 10 رنز بناسکے، آصف علی 9 اور افتخار احمد 1 رن پر رن آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی اور کارلوس بریتھ ویت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیاتھا۔

محمد رضوان نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کارلوس بریتھ ویٹ 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کرس لین 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، جیمز ونس 16 رنز پر گریگوری کو وکٹ دے بیٹھے، ریلی روسو 25 رنز پر شاداب خان کا نشانہ بنے۔

صہیب مقصود 2 رنز بنا محمد وسیم کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے، خوشدل شاہ 7 رنز بناسکے، شاہد آفریدی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، لیوس گریگوری نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا کوشش کریں ملتان کو کم رنز پر آؤٹ کریں۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے ، کوشش کریں گے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بڑا اسکور کریں۔

اسکواڈ: ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ