سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

کراچی / کوئٹہ: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 1 نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، تینوں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

سندھ کے پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن میں 20 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار مدمقابل ہیں۔

حلقے میں پیپلز پارٹی کے محمد یوسف بلوچ، ایم کیو ایم کے ساجد احمد، تحریک انصاف کے جان شیر خان، تحریک لبیک کے کاشف علی جبکہ 16 آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پی ایس 88 ملیر میں کل ووٹوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے، حلقے میں 81 ہزار 425 مرد اور 64 ہزار 202 خواتین ووٹرز ہیں۔

حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 108 ہے، 33 انتہائی حساس اور 27 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار جبکہ حساس پر 4 اہلکار تعینات ہیں، پولنگ اسٹیشن کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔

پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب پی ایس 43 سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی خان، تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو جبکہ 5 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔

بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 میں بھی 113 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے، پی بی 20 میں کل ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 849 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 58 ہزار 126 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 723 ہیں۔

حلقہ پی بی 20 میں پولنگ بوتھس کی تعداد 343 ہے، حلقے کے 3 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 91 حساس قرار دیے گئے ہیں۔