یاسین ملک ، آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظر بندی پر اظہار تشویش

سرینگر 14جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں تحریک مزاحمت نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک، دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو بدتری سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک اور دیگر کے خلاف تیس برس پرانے ایک جعلی مقدمے میں فرد جرم عائد کیا جانا کشمیری نظر بندوں کے تعیں بھارت کے مکارانہ رویے کو اچھی طرح سے ظاہر کر رہا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ آسیہ اندرابی اور انکی دو ساتھی فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین جعلی مقدمات کے تحت نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ چار برس سے نظر بند ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آسیہ اندرابی کئی طرح کے امراض کا شکار ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں ضروری طبی امداد فراہم نہیں کی جا رہی اور انکے خلاف درج نام نہاد مقدمات کو عدالتوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ ، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال ، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفی شریعتی ، غلام قادر بٹ، غلام محمد بٹ، محمد ایو ب میر ، محمد ایو ب ڈار ، نذیر احمد شیخ اور فیروز احمد سمیت دیگر کشمیری نظر بندوں کے ساتھ بھی اسی طرح کا ظالمانہ سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ بلال صدیقی نے کہا کہ بھارت بدترین قسم کے نوآبادیاتی سلوک کے ذریعے کشمیریوں نظر بندوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتااور وہ نئی دلی کے آگے ہرگز سرنگوں نہیں ہونگے۔ انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں نظر بندوںکوسیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کے ناروا بھارتی اقدام کا نوٹس لیں ۔
via kms news