امریکی وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ، خطے کے سیکیورٹی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

امریکا کے نائب وزیر دفاع کی زیر قیادت میں وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب وزیر دفاع ڈیوڈ ہیلوی نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے پاک امریکا دفاعی مذاکرات کے تحت مشاورتی دورہ کیا، مشاورتی اجلاس میں خطے کے سیکیورٹی امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اجلاس میں پاک امریکا فوجی تعاون میں اضافے اور مضبوطی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک، امریکا وفود نے خوشگوار اور تعمیری انداز میں بات چیت کی۔