خواجہ فردوس کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم دونوں ہمسایہ ممالک کو ابتنازعہ کشمیر کے حل کی جانب اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے

سرینگر01 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںو کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کی جانب اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ سات دہائیو ں نے ثابت کردیا ہے کہ بھارت پر جب بھی عالمی سطح پر مسئلہ کشمیرکے حوالے سے دباﺅ بڑھتاہے تو وہ وقت گزارنے کےلئے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کامعاہدہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روز اول سے ہی جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل چاہتا ہے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت نے مسئلہ کشمیرکو اپنی روایتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے زیر التوا رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار اداکریں۔ حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتوںکے درمیان تنازعہ اور کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب تنازعہ کشمیر ہے ۔انہوںنے کہاکہ لہذا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیاجاتا دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کا خواب صرف تنازعہ کشمیر کے پر امن حل سے ہی وابستہ ہے ۔