
بھارت بے گناہ کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے ، سیکرٹری جنرل کل جماعتی حریت کانفرنس
کشمیری عوام پاکستان کو اپنا محسن اور وکیل سمجھتے ہیں کیوں کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کا خواہشمند ہے ،مولوی بشیر احمد
میڈیا رپورٹس کے مطا بق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا معتبر عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ اس سے مملکت خداداد کو بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا مزید موقع ملے گا۔
انہوںنے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھارت بے گناہ کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے لہذااب ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کا گھنائونا چہرہ عالمی برادری سامنے بے نقاب کیا جائے۔ مولوی بشیر احمد نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ہر فورم پر بھی کشمیری عوام کے احساسات اور جذبات کی حقیقی ترجمانی کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا محسن اور وکیل سمجھتے ہیں کیوں کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کا خواہشمند ہے ۔