
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کو کورونا وائرس کے حوالے سے دو کیٹگری اے اور بی میں تقسیم کردیا گیا، کیٹگری اے میں 30 ممالک جن میں چین، جاپان، نیوزی لینڈ، سعودی عرب، ترکی و دیگر ممالک شامل ہیں .اس کے ساتھ کیٹگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو کورونا ٹیسٹ / پی سی آر سے استثنی حاصل ہوگا ۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئے ایس او پیز کے مطابق کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، کیٹگری بی ممالک سے آنے والے مسافروں کو سفر سے قبل 96 گھنٹے کے اندر اندر کورونا ٹیسٹ کروانا ہوگا ۔ سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹفکیشن جاری کردیا۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا تمام بین الاقوامی ائیرلائنز، چارٹرڈ طیاروں اور دیگر فضائی کمپنیوں پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم پُر کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایڈوائزری 19 اکتوبر سے 31 دسمبر 2020 تک نافذ العمل رہے گی ۔