دہشتگردی کے ثبوت ہیں ، بھارت کے خلاف جہاں ضرورت ہوئی جائیں گے ، معید یوسف

وزیر اعظم نے مولانا عادل کے قتل سے متعلق بھارت کے ملوث ہونے کی صحیح بات کی ، بھاتی چینل کو انٹرویو کا مقصد بھی یہی تھا کہ بھارتی شہریوں کو ان کی حکومت کا چہرہ دکھایا جائے ، معاون خصوصی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں ، بھارت کے خلاف جہاں ضرورت ہوئی ہم جائیں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مولانا عادل کے قتل سے متعلق بھارت کے ملوث ہونے کی صحیح بات کی ہے ، گزشتہ روز بھاتی چینل کو انٹرویو دینے کا مقصد بھی یہی تھا کہ بھارتی شہریوں کو ان کی حکومت کا چہرہ دکھایا جائے، کیوں کہ ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں تب ہی ہم بات کرتے ہیں اور بھارت کے خلاف جہاں ضرورت ہوئی ہم جائیں گے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے ، جب کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف کردارمیں پاکستان کی تعریف کر رہا ہے۔
دوسری طرف پاکستان نے بھارت سے بامعنی مذاکرات کیلئے بڑی شرائط رکھ دیں ، معاون خصوصی قومی سلامتی امور معید یوسف نے کہا کہ مذاکرات کیلئے مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی فوری رہا کیا جائے، غیر انسانی فوجی محاصرے کا خاتمہ کیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی کیلئےلاگو قانون کا خاتمہ کیا جائے، پاکستان کےخلاف بھارت کی ریاستی دہشتگردی روکی جائے۔انہوں نے بھارتی صحافی کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ مودی حکومت توسیع پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں تنہا رہ گئی ہے ، مقبوضہ کشمیری میں بربریت اور فوجی محاصرے کو ختم کئے بغیر مذاکرات ناممکن ہیں ، کشمیری ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کے سائے تلے زندگی گزارنے کو تیار نہیں ، پاکستان اپنے پڑوس میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے ، اور کشمیری اس تنازع میں سب سے اہم فریق ہیں ، جب کہ کشمیری ہندوستان سے نفرت کرتے ہیں ۔