بھارتی بورڈ کا ایشیا کپ کی ٹرافی کیلئے خط ، انکار نہیں کیا ، تقریب میں وصول کر لیں ، محسن نقوی کا جواب

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ کی ٹرافی کے لیے لکھے گئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب دے دیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصول کرنے کے لیے اے سی سی صدر محسن نقوی کو خط لکھا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے بی سی سی آئی کو جوابی خط میں کہا ہے کہ ٹرافی دینے سے انکار نہیں کیا ، ٹرافی چاہیے تو تقریب میں وصول کر لیں۔

ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کو ٹرافی دینے کی تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں رکھنے کی تجویز دی ہے۔

صدر اے سی سی نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ عہدیدار کسی ایک کھلاڑی کے ساتھ آ کر تقریب میں ٹرافی وصول کر سکتے ہیں۔