فلم’’دنگل‘‘کی ہیروئن زائرہ وسیم کوہراساں کرنے والےشخص کو3سال قید

فلم’’دنگل‘‘کی ہیروئن زائرہ وسیم کوہراساں کرنے والےشخص کو3سال قید

ممبئی کی خصوصی عدالت نے بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم سے دوران پرواز بدتمیزی کرنے والے شخص کو مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنا دی۔

وکاس سچدیوا نامی 41 سالہ شخص نے زائرہ سے سال 2017 میں دوران پرواز چھیڑ چھاڑ کی تھی جسے بدھ 15 جولائی کو عدالت نے 3 سال کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ وکاس کیخلاف پی او سی ایس او ایکٹ کی دفعہ 8 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وسترا ائرلائن لی پرواز سے دہلی سے ممبئی جا نے والی زائرہ نے فلائٹ کے بعد انسٹاگرام پیج پر روتے ہوئے ایک ویڈیو شیئرکی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ جہاز میں سورہی تھیں جب عقبی نشست پربیٹھا مسافر مسلسل ان کی گردن اور پشت کو اپنے پاؤں سے چھورہا تھا۔زائرہ کے مطابق اس گھٹیا حرکت کی ویڈیو بنانا چاہتی تھی لیکن کم روشنی کے باعث ایسا نہیں کرپائی تاہم ایک اسکرین شاٹ لینے میں کامیاب رہیں

اداکارہ نے ویڈیو میں روتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ عملے نےاس شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، اگر کوئی ہمیں تحفظ فراہم نہیں کرے گا توہم لڑکیاں کیسے محفوظ رہیں گی؟۔ زائرہ کی جانب سے اس ردعمل کے بعد وسترا ائرلائن نے بھی معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ کی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہوئی تو مقبوضہ کشمیرکی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اورسابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ بھی نے واقعے کی شدید مذمت کی۔

واضح رہے کہ زائرہ وسیم کو فلم ’’دنگل ‘‘ سے شہرت حاصل ہوئی تھی جس میں انہوں نے عامرخان کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔ 18 سالہ اسٹار نے سال 2019 کے وسط میں بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیلڈ میں کام کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان خطرے میں پڑرہا ہے اور وہ بہت خاموشی سے اپنے مذہب سے دور ہوتی جارہی ہیں لہٰذا وہ فلم انڈسٹری چھوڑرہی ہیں۔

زائرہ نے اپنے محدود کیرئیر میں صرف 3 فلمیں کیں جن میں ’’دنگل‘‘ ، ’’سیکرٹ سپراسٹار‘‘ اور ’’دی اسکائی ازپنک‘‘ شامل ہیں