
اقوام متحدہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبے کا نوٹس لے کشمیریوں کی منظم نسل کشی ہورہی ہے، ماورائے عدالت قتل ہورہے ہیں ۔مسرت عالم بٹ
سری نگر() کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے اقوام متحدہ سے جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں منظم نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور غیر قانونی نظربندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کے بارے میں بھارت کی اٹوٹ انگ کی رٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت1947 سے کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے اور ان کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لئے فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ حریت پسندکشمیری عوام نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ہمیشہ بھرپورمزاحمت کی ہے۔نظر بند رہنما نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے ہمارے پاس ثابت قدمی، صبر اورجہد مسلسل ہی واحد راستہ ہے۔مسرت عالم بٹ نے عالمی برادری، او آئی سی، یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور غیر مقامی ہندووں کو غیر قانونی طور پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے ،ریاستی اراضی کو غیرمقامی تاجروں کو فروخت کرنے اور فوجی مقاصدکے استعمال کے لیے وسیع علاقے الاٹ کرنے جیسے ہتھکنڈوںکے ذریعے متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ حریت چیئرمین نے عالمی امن اور خوشحالی کے بہترین مفاد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنے وعدے اور ذمہ داریاں پوری کرے گا۔