
مقبوضہ جموں وکشمیر اسمبلی میں آزاد کشمیر کے لیے24 نشستیں برقرار رکھنے کی تجویز حد بندی کمیشن نے جموں وکشمیر اسمبلی کی سات نشستوں کے اضافے کی سفارش کر دی ہے
سری نگر() بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے لیے اسمبلی حلقوں کی تشکیل نو کا کام تیز کر دیا ہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارتی حد بندی کمیشن نے جموں وکشمیر اسمبلی کی سات نشستوں کے اضافے کی سفارش کر دی ہے جبکہ جموں وکشمیر اسمبلی میں آزاد کشمیر کے لیے24 نشستیں برقرار رکھنے کی تجویز ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے قبل جموں و کشمیر اسمبلی کی 111 نشستیں تھیں جن میں 24 آزاد کشمیر کے لیے مختص تھیں جبکہ 87 نشستوں کے لیے انتخابات ہو تے تھے ۔ لداخ کی چار نشستیں بھی ان میں شامل ہوتی تھیں تاہم اب لداخ کو جموں وکشمیر سے الگ کر دیا گیا ہے ، اب سات نشستوں کے اضافے کے ساتھ ، آزاد کشمیر کے لیے مختص24 نشستوں سمیت114 نشستیں ہو جائیں گی۔ بھارتی اخبار کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ رانجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں حد بندی کمیشن نے رپورٹ تیار کر لی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سشیل چندرا اور ریاستی الیکشن کمشنرکے کے شرما بھی کمیشن میں شامل ہیں۔ اخبار کے مطابق بھارتی لوک سبھا میں جموں وکشمیر کے پانچ ممبر ہیں ، جن میں تین نیشنل کانفرنس اور دو بی جے پی کے ہیں ۔ ان ممبران پارلیمنٹ کو حد بندی کمیشن کے اجلاس میں بلا یا جائے گا۔وزیر اعظم آفس میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور بی جے پی کے ایسوسی ایٹ ممبران ، جموں پونچھ سیٹ کے ایم پی جوگل کشور شرما نے 18 فروری کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ این سی نے اس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ لوک سبھا کے ممبران بشمول ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے کہا تھا کہ پارٹی نے جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے جس کے تحت کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ اس لیے کمیشن کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی حد بندی کمیشن کی مدت 6 مارچ 2022 تک ہے ،حد بندی کمیشن 6 مارچ ، 2019 کو ایک سال کی مدت کے ساتھ قائم کیا گیا تھا جسے کوویڈ وبائی امراض اور دیگر وجوہات کی وجہ سے 6 مارچ 2020 کو مزید ایک سال بڑھا دیا گیا۔اسمبلی حلقوں کی حد بندی آخری بار 1994-95 میں صدر راج کے دوران ہوئی تھی جب سابقہ ریاستی اسمبلی کی نشستیں 76 سے بڑھا کر 87 کر دی گئی تھیں۔ جموں خطے کی نشستیں 32 سے 37 ، کشمیر کی 42 سے 46 اور لداخ کی دو سے چار . تاہم ، 2002 میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں اس وقت کی نیشنل کانفرنس حکومت نے اس وقت کی اٹل بہاری واجپئی کی قیادت والی بھارتی حکومت کے فیصلے کے مطابق حد بندی کو منجمد کردیا تھا۔قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اسمبلی حلقوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد ہی ہوں گے۔