حریت کانفرنس کی طرف سے مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل

سرینگر24 ستمبر ( ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے کل(ہفتہ کو ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے خلاف احتجاج کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میںمکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
 کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ کشمیری عوام کل نیویارک میں نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کر یں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام مکمل ہڑتال کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام بھی دیں گے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز تسلط کو قبول نہیں کرتے اور وہ اس سے مکمل آزادی چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کے استعمال کا مکمل اختیار دیاہے۔حریت ترجمان نے کہاکہ ہڑتال کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا بھی ہے کہ گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کررکھا ہے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکی طرف سے مسلسل نہتے کشمیریوںکا قتل عام اور کالے قوانین کے تحت ان کی غیر قانونی نظربندی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔