24 گھنٹوں میں 60 کرونا مریضوں کا انتقال، تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد : کرونا وائرس چوبیس گھنٹوں کے دوران 60 افراد کی زندگیاں نگل گیا، ایکٹیو کیسز کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی خطرناک وبا نے حکومت وقت کی جانب سے مؤثر اقدامات اٹھائے جانے کے باوجود 24 گھنٹوں کے دوران ہزاروں افراد کو اپنا شکار بنالیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز سے متعلق اعداد و شمار جاری کردئیے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 963 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 45 ہزار 324 ہوگئی۔

این سی او سی نے اپنے اعداد و شمار میں بتایا کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ 60 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد کرونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 547 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 38 ہزار 92 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک 58 لاکھ 65 ہزار 944 کرونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں اور جاں بحق 60 میں سے 39 مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں کوروناکےتشویشناک مریضوں کی تعدادمیں اضافہ جاری ہے اور لاہور ،ملتان، راولپنڈی، پشاور میں تشویشناک مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملتان میں کورونا کیلئے مختص 36 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں جبکہ اسلام آباد کے 49، پشاور 14 ، لاہور کے 36 اور ایبٹ آباد کے 37 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔