پی سی بی نے جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

لاہور: پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے، زمبابوے ٹیم کی جانب سے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد جنوبی افریقہ نے بھی پاکستان آنے کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریزمیں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلےجائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم آئندہ سال سولہ جنوری کو کراچی پہنچےگی، چھبیس سے تیس جنوری تک پہلا ٹیسٹ کراچی میں ہوگا، چار فروری کو دونوں ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ کے لئے راولپنڈی میں مد مقابل ہونگی،سیریز میں شامل میچ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کاحصہ ہونگے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ گیارہ فروری، دوسرا 13 اور تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی چودہ فروری کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا چودہ سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

ڈائریکٹر کرکٹ ساؤتھ افریقہ گریم اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ،عوام کرکٹ سےمحبت کرتی ہے، یادگار دورے کے آغاز کے منتظر ہیں۔

گریم اسمتھ کا کہنا تھا کہ چند ہفتےقبل کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سیکورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، وفد کی مہمان نوازی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے بے حد مشکور ہیں۔

گذشتہ ماہ کرکٹ جنوبی افریقہ کا 4رکنی وفد اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، وفد کی قیادت کرکٹ آپریشنزمنیجر موکاش گیجر نے کی تھی جبکہ اسٹیفن گریک، محمدزونیداور روری اسٹین بھی وفد کا حصہ تھے۔