کشمیری پاکستان سے وابستگی کے اظہار کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں،آخری سانس تک حمایت جاری رکھیں گے ، علی امین

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’ رن فارکشمیر‘‘ٹیلی میراتھن کا آغاز کیا جارہا ہے، رن فارکشمیر سے کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہو گا ، وفاقی وزیر کا یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام

اسلام آباد وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان سے وابستگی کے اظہار کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں،آخری سانس تک کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’ رن فارکشمیر‘‘ٹیلی میراتھن کا آغاز کیا جارہا ہے، رن فارکشمیر سے کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہو گا ۔جمعہ کو وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہاکہ آج کا عظیم دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اللہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی جیسی نعمت سے نوازا۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ آزادی کی نعمت اللہ کے فضل و کرم،قائد اعظم کی قیادت اور علامہ اقبال کے نظریے اور خواب کے باعث ممکن ہوئی۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ آج کے دن پاکستان کو قائداعظم کے نظریے کے مطابق دنیا کا عظیم ملک بنانے کا عہد کرنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیری پاکستان سے وابستگی کے اظہار کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں سپرد خاک کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو پوری دنیا نے رد کردیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی نام نہاد سیکولرزم اور جمہوریت کا پردہ چاک ہو چکا ہے، موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز دنیا کے ہر فورم پر بلند کی ہے، مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے ، آخری سانس تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’ رن فارکشمیر‘‘ٹیلی میراتھن کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ رن فارکشمیر سے کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہو گا