بل گیٹس نے پاکستان کی کرونا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا

اسلام آباد: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پاکستان کی کرونا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نہ صرف پاکستان کی کرونا وائرس کی وبا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کیا بلکہ پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ کے ساتھ بھی کیا۔

بل گیٹس نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا پاکستان نے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے کڑی محنت کی، سخت اقدامات کے باعث پاکستان میں کرونا کیسز میں بڑے پیمانے پر کمی آئی۔

بل گیٹس نے پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ سے کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک وقت میں کرونا کیسز کی تعداد خطرناک حد پر تھی لیکن اب صورت حال یورپ جیسی ہے۔

بل گیٹس نے پڑوسی ملک بھارت کے حوالے سے بھی بات کی، انھوں نے بھارت میں کرونا کی کی صورت حال کو ابتر قرار دیا، اور کہا کہ افسوس کہ بھارت میں کرونا کی صورت حال جنوبی امریکا جیسی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی آ رہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے 15 مریض جاں بحق ہوئے، اور صرف 539 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد بھی 17799 ہے۔