کرونا سے نمٹنے میں پاکستان نے دنیا کے لیے مثال پیش کی،وولکن بوزکر

اسلام آباد: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کا کہنا ہے کہ کرونا سے نمٹنےمیں پاکستان نے دنیا کے لیے ایک مثال پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے صدر سے درپیش چیلنجز اور کووڈ 19 کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے وولکن بوزکر کی توجہ مسئلہ کشمیرکی طرف مبذول کرائی،وولکن بوزکر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا،وولکن بوزکر کو بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں سے متعلق بتایا۔

دوسری جانب نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال پر بہت خوشی ہوئی،جنرل اسمبلی کے سیشن کی صدارت ملنا بہت بڑا اعزاز ہے،مہمان نوازی پر پاکستان کے حکام کا بہت شکرگزار ہوں۔

وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے نقطہ نظر سے یہ دورہ بہت ضروری تھا،پاکستان اقوام متحدہ کا بہت متحرک رکن ہے،اقوام متحدہ کے مشنز میں پاکستان بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک پاکستانی کو ڈپٹی چیف کیبنٹ بھی چنا ہے۔

نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ عمران خان خطے اور دنیا میں امن قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،وزیراعظم اور اقوام متحدہ کا نقطہ نظرعالمی معاملات پر ایک ہی سمت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کے باعث پاکستان میں جانی نقصان پر افسوس ہے،کرونا سے نمٹنے میں پاکستان نے دنیاکے لیے ایک مثال پیش کی، پاکستان سے کرونا کے خلاف بہت سے ممالک سے زیادہ اچھا کردار ادا کیا۔

وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف متحدہ جدوجہدکے لیے ہمیں وسائل کی ضرورت ہے،میرے خیال میں جنرل اسمبلی کا اپنی عمومی اجلاس شروع کر دینے چاہییں۔