فواد عالم کو دوسرا ٹیسٹ میچ کھلانا چاہیے، سابق کپتان وسیم اکرم بھی بول پڑے

مڈل آرڈر بلے باز کی ڈومیسٹک میچز میں 56.78کی ایوریج ہے،مڈل آرڈر میں ہمارے پاس صرف وہی مکمل بلےباز ہیں، میں کپتان ہوتا توانہیں ضرور کھلاتا: ۔سابق کپتان

لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان وسیم اکرم بھی مڈؒل آرڈر بلے باز فواد عالم کے حق میں بول پڑے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان سے بات کرتے ہوئے 54 سالہ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا فواد عالم کی ڈومیسٹک میں کارکردگی شاندار رہی ہے، فواد عالم کی ڈومیسٹک میچز میں 56.78کی ایوریج ہے، مڈل آرڈر بلے باز کی پرفارمنس بولتی ہے، اگر میں کپتان ہوتا تو فواد عالم کو ضرور کھلاتا، مڈل آرڈر میں ہمارے پاس فواد عالم ہی مکمل بلےباز ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا ساؤتھمپٹن میں شیڈول پاکستان انگلینڈ دوسرے ٹیسٹ میچ کی وکٹ اولڈ ٹریفرڈ سے مخلتف ہوگی، قومی ٹیم کو ایک ایکسٹرا بلے باز کے ساتھ جانا ہوگا اور مڈل آڈر میں پاکستان کے پاس صرف فواد عالم ہی موجود ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے جب کہ پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے17 اگست تک ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔